Time 31 دسمبر ، 2020
کھیل

قلندرز نے فخر زمان کو ریلیز کردیا

فخر زمان نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ وہ اس بار قلندرز کے ساتھ نہیں ہوں گے— فوٹو: فائل

اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے 4 سیزن بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم لاہور قلندرز سے راہیں جدا کرلی ہیں، قلندرز نے فخر زمان کو پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن سے قبل ریلیز کردیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا چھٹا ایڈیشن 20 فروری سے شروع ہونا ہے جبکہ پلیئرز ڈرافٹ 10 فروری کو ہوں گے۔

 پلیئرز ڈرافٹ سے قبل کھلاڑیوں کی ری ٹینشن کا مرحلہ جاری ہے، ہر فرنچائز آٹھ کھلاڑیوں کو ری ٹین (برقرار رکھ) کرسکتی ہے۔

قلندرز نے اپنے آٹھ کھلاڑیوں کا ذہن بنالیا ہے اور فخر زمان کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فخر زمان نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ وہ اس بار قلندرز کے ساتھ نہیں ہوں گے، انہوں نے گزشتہ چار سال کے یادگار لمحات اور کیریئر بنانے کیلئے موقع دینے پر لاہور قلندرز کا شکریہ ادا کیا۔

پی ایس ایل کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ فخر زمان اس بار نئی ٹیم سے ایکشن میں ہوں گے، تاہم قوانین کے مطابق فخر زمان ، جو کہ پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں، لاہور سے ریلیز ہونے کے بعد پلیئرز ڈرافٹ میں جائیں گے جہاں سے انکا انتخاب کیا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ قلندرز محمد حفیظ، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، دلبر حسین، بین ڈنک، ڈیوڈ ویئسا اور سُمت پٹیل کو برقرار رکھنے پر متفق ہیں۔

مزید خبریں :