01 جنوری ، 2021
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کا کہنا ہے کہ دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز کا فاتحانہ اختتام کرنا چاہتے ہیں اور اس ٹیسٹ میچ کی اہمیت کے بارے سب کو علم ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ اتوار سے کراٹسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں شروع ہو رہا ہے۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 91 اور دوسری اننگز میں 19 رنز بنائے تھے۔
ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں ٹریننگ سیشن کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے کہا کہ یہ ایک نیا میچ اور نیا دن ہے، کرائسٹ چرچ کی کنڈیشنز ترنگا سے مختلف ہیں، اسی مناسبت سے ٹریننگ سیشن کیا، خاص طور بولنگ کے حوالے سے بات کی ہے کہ جلد وکٹیں حاصل کرنے کا فائدہ ہے اور یہ بتایا گیا ہے کہ جلد وکٹیں کیسے حاصل کرنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیریز کا آخری میچ ہمارے لیے بہت معنی رکھتا ہے، تمام کھلاڑی سیریز کا فاتحانہ اختتام کرنا چاہتے ہیں، اس کے لیے ہم 100 فیصد دیں گے، ٹیسٹ میچ جیتیں اور سیریز برابر کریں گے۔
فہیم اشرف نے کہا کہ ہم نے آخری میچ سے بہت سیکھا، اب غلطیاں نہیں دہرائیں گے، آج ٹریننگ سیشن میں کنڈیشنز کے مطابق بولنگ کرنے کی تیاری کی ہے۔