20 ستمبر ، 2012
اسلام آباد…عدالتی حکم پرالیکشن کمیشن نے دُہری شہریت والے اراکین قومی وہ صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی ہے،فیصلے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے 11 ارکان پارلیمنٹ اور ممبر صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کی ہے جبکہ رحمان ملک سے متعلق فیصلہ بعدمیں ہوگا۔الیکشن کمیشن کاآیندہ اجلاس پیرکوطلب کرلیاگیا۔سپریم کورٹ نے دہری شہریت کیس میں معطل ایم این اے فرح ناز اصفہانی سمیت11اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کو نااہل قرار دیاتھا۔ عدالت نے نااہل ارکان سے اب تک کی مالی مراعات واپس لینے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے دہری شہریت کیس کی سماعت کے بعد منگل کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے ایم این ایز زاہد اقبال، فرح ناز، فرحت محمود، جمیل ملک ، ایم پی ایز محمد اخلاق، اشرف چوہان، نادیہ گبول، وسیم قادر، ندیم خادم، آمنہ بٹر اور احمد علی شاہ کونااہل قراردیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے ان ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے، ان ارکان کی رکنیت ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم دیا اور کہاکہ نااہل ارکان سے 2 ہفتوں میں تمام مالی فوائد، مراعات واپس وصول کی جائیں۔