20 ستمبر ، 2012
اسلام آباد … گستاخانہ امریکی فلم کیخلاف طلبہ اور مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیوکی حفاظت کیلئے پاک فوج کو طلب کرلیا گیا، احتجاج کرنے والوں اور پولیس کے درمیان تصادم کے بعد پتھراوٴ سے ایس ایچ او سمیت 9 پولیس اہلکار زخمی اور موبائل کے شیشے ٹوٹ گئے، مظاہرین نے پولیس بنکر اور چوکی کو آگ لگادی۔ نمائندہ جیو نیوز عابد ملک کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مشتعل طلبہ نے ڈپلومیٹک انکلیو جانے کی کوشش کی توان کاتصادم پولیس سے ہوا، کئی مظاہرین کو پولیس نے گرفتار بھی کرلیا جس کے بعد مظاہرین مشتعل ہوگئے، پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں ایس ایچ او اور پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی جارہی ہے دوسری جانب ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو کی حفاظت کیلئے پاک فوج کو طلب کرلیا گیا ہے اور ذرائع کے مطابق کچھ دیر میں فوجی دستے ریڈ زون پہنچ جائیں گے۔ احتجاج کرنے والوں نے پولیس، فائیو اسٹار ہوٹل اور ان کی گاڑیوں پر پتھراوٴ کیا جس سے پولیس موبائل کے شیشے ٹوٹ گئے، مشتعل افراد نے پولیس بنکر اور چوکی کو بھی آگ لگادی۔ گستاخانہ امریکی فلم کے خلاف اسلام آباد اور راول پنڈی میں طلبہ سمیت مختلف طبقات فکر نے مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے کئی مقامات پر ٹائر جلائے جس کے باعث مختلف سڑکیں ٹریفک کیلئے بند ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق احتجاج کرنے والا ایک طالب علم پولیس کی گاڑی کے ساتھ ٹکرانے سے زخمی ہوا، پولیس نے مظاہرین پر ربر کی گولیاں بھی چلائیں۔