11 فروری ، 2012
لاہور . . . . . بھارتی وزیر تجارت آنند شرما 13 فروری سے پاکستان کا دورہ کر ر ہے ہیں ، اس دوران باہمی تجارت کے فروغ کے لئے 3 معاہدوں پر دستخط کا امکان ہے۔ وزارت تجارت کے حکام کے مطابق بھارتی وزیر تجارت آنند شرما 13 فروری کو واہگہ کے راستے پاکستان آئیں گے اور لاہور میں بھارتی مصنوعات کی نمائش میں شرکت کریں گے، بعد میں وہ کراچی میں تاجروں کے وفد سے ملاقاتیں کریں گے۔ بھارتی وزیر تجارت 15 فروری کو اسلام آباد آئیں گے اور وزارت تجارت اور خارجہ کے حکام سے ملیں گے، اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ کسٹم اور ٹیرف سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی جبکہ مختلف اشیا کی منفی اور مثبت فہرستوں کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔