Time 26 جنوری ، 2021
کھیل

یہ نہیں سوچا تھا کہ پہلے دن ہی 14 وکٹیں گرجائیں گی، ڈین ایلگر

جنوبی افریقی بیٹسمین نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ کھیل کے دوسرے دن پاکستان کی بقیہ چھ وکٹیں جلد از جلد حاصل کریں— فوٹو: ٖفائل

جنوبی افریقا کے بیٹسمین ڈین ایلگر کا کہنا ہے کہ پہلے دن کے اختتام پر جنوبی افریقا کی پوزیشن مستحکم ہوچکی ہے، شاید پہلی اننگز کے اختتام پر یہ نہیں کہا جاسکتا تھا لیکن دن کے اختتام تک اطمینان ہے کہ جنوبی افریقا کا دن اچھا گزرا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر میڈیا سے آن لائن گفتگو میں ڈین ایلگر نے کہا کہ ان کی ٹیم نے تیاریوں کے باوجود بھی اپنی صلاحیتوں کے مطابق بیٹنگ نہیں کی لیکن بعد میں بولرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور گیم پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اندازہ ضرور تھا کہ وکٹ آگے جاکر سلو ہوجائے گی لیکن اتنا نہیں سوچا تھا کہ پہلے دن ہی 14 وکٹیں گرجائیں گی۔

ڈین ایلگر کا کہنا تھا دونوں ٹیموں کی جانب سے کچھ ساٖفٹ ڈسمیسل بھی تھے، وکٹ کے شام میں ہونے والے ممکنہ ردعمل کو ذہن میں رکھ کر ہی پہلے سیشن میں تیز کھیل شروع کیا تھا لیکن دوسرے سیشن میں اس کو برقرار نہیں رکھ سکے۔

جنوبی افریقی بیٹسمین نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ کھیل کے دوسرے دن پاکستان کی بقیہ چھ وکٹیں جلد از جلد حاصل کریں اور بڑی سےبڑی برتری اپنے نام کریں کیوں کہ ان کی ٹیم کو بخوبی اندازہ ہے کہ پاکستان ٹیم کے بولرز بھی پوری پلان سے آئیں گے اور آگے جاکر وکٹ مشکل ہوگی۔

ایک سوال پر ڈین ایلگر کا کہنا تھا کہ دوسرے دن کھیل کا پہلا گھنٹہ کافی اہم ہوگا اور اگر جنوبی افریقی بولرز نے وہی کارکردگی دہرائی جو پہلےر وز آخری سیشن میں دکھائی تھی تو میچ پر گرفت اور بھی مضبوط ہوجائے گی۔

مزید خبریں :