کیا واقعی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن رپورٹ ن لیگ کے دور کی ہے؟

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت دعویٰ کر رہی ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن کے بارے میں اپنی گلوبل 2020 کی رپورٹ میں جو اعداد و شمار استعمال کیے  وہ ن لیگ کی حکومت کے دور کے ہیں لیکن ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں ان دعوؤں کی نفی کی گئی ہے۔

دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل (ٹی آئی) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، کرپشن انڈیکس 2020 کی تیاری کیلئے ایک درجن سے زائد ذرائع استعمال کیے گئے تھے۔

رپورٹ میں ان تمام ذرائع کے بارے میں تفصیلات بھی بتائی گئی ہیں اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ اعداد و شمار کب جمع کیے گئے۔ ان سرویز میں ماہرین سے سرکاری شعبوں میں شفافیت، احتساب اور کرپشن کے متعلق سوال کیے گئے۔

رپورٹ کی تیاری کیلئے یہ سوال بھی پوچھا گیا کہ، جس ملک میں آپ کام کرتے ہیں اس میں کرپشن کے مسئلے کی سطح کیا ہے؟ رپورٹ کی تیاری کیلئے اعداد و شمار مئی تا اکتوبر 2019 کے دوران سروے میں حاصل کیے گئے۔ اس میں 4 ہزار ماہرین نے شرکت کی۔

انفرادی سطح پر سوالات پوچھنے کے بعد ان کا مجموعہ تیار کیا گیا اور پھر ان کی ذیلی کیٹگری بنائی گئی جن کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ ایگزیکٹو برانچ میں سرکاری عہدیدار ذاتی فائدے کیلئے عہدہ استعمال نہیں کرتے، جوڈیشل برانچ میں سرکاری عہدیدار ذاتی فائدے کیلئے اپنا عہدہ استعمال نہیں کرتے، پولیس اور ملٹری میں عہدیدار ذاتی فائدے کیلئے عہدے کا استعمال نہیں کرتے، قانون ساز ادارے کے عہدیدار ذاتی فائدے کیلئے اپنے عہدے کا استعمال نہیں کرتے۔

 رپورٹ کی تیاری کیلئے 2019 کے دوران 179 ممالک کی ریٹنگ کی گئی اور سی پی آئی انڈیکس کی تیاری میں 2020 کا اپ ڈیٹ دیا گیا۔

مزید خبریں :