29 جنوری ، 2021
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران دال ماش 2 روپے،دال مسور 82 پیسے اور دال چنا 64 پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 200 گرام سرخ مرچ کی قیمت میں 29 روپے اضافہ ہوا اور مرغی کا گوشت 26 روپے 73 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
ایک ہفتے کے دوران 18 اشیاءکی قیمتیں بڑھ گئیں اور 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔
کوکنگ آئل کی اوسط فی کلو قیمت 10 روپے 48 پیسے اضافےکے بعد 284 روپے ہو گئی، اڑھائی کلو گھی کے ڈبے کی اوسط قیمت 722 روپے 29 پیسے ہوگئی۔
اس کے علاوہ ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 19 روپے کمی ریکارڈ کی گئی،فی کلو اوسط قیمت 64 روپے سے کم ہو کر 45 روپے رہ گئی۔
انڈے 12 روپے 67 پیسے فی درجن کمی کے بعد 141 روپے 84 پیسے فی درجن میں فروخت ہو رہےہیں۔
آلو 1 روپیہ 36 پیسے ،پیاز 93 پیسے ، چینی کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 41 پیسے فی کلو کمی ہوئی،آٹے کے 20 کلو تھیلے میں 63 پیسے کی اوسط کمی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران تازہ دودھ، دہی ،نمک سمیت 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔