کھیل

کراچی کے نجی کلب میں باکسنگ مقابلے میں پنچ لگنے سے باکسر جاں بحق

 قریبی عزیز اکرم خان کے مطابق اسلم خان فائٹ کے دوران پنچ لگنے سے زخمی ہوئے تھے، اس لیے کوئی قانونی کارروائی نہیں کی،فوٹو: فائل 

کراچی کے نجی کلب میں  باکسنگ مقابلے میں پنچ لگنے سے باکسر جاں بحق ہوگیا۔

بلوچستان کے علاقے پشین سے تعلق رکھنے والے قومی سطح کے باکسر محمد اسلم خان گزشتہ رات کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں راشد منہاس روڈ پر واقع پویلین کلب میں مقابلے کے دوران سر پر پنچ لگنے سے شدید زخمی ہوگئے تھے۔

 اہل خانہ کے مطابق باکسر اسلم خان کو اسٹیڈیم روڈ پر نجی اسپتال پہنچایا گیا تھا جہاں اتوار کی دوپہر ڈھائی بجے ان کا انتقال ہوگیا۔

 قریبی عزیز عبداللہ نے جیو ٹی وی کو بتایا کہ غسل کفن کے بعد اسلم کی میت بلوچستان میں آبائی شہر پشین روانہ کردی گئی ہے، اہل خانہ کے مطابق پشین کے معصوم بابا قبرستان میں پیر کی صبح 11 بجے نماز جنازہ اور تدفین ہوگی۔

 قریبی عزیز اکرم خان کے مطابق اسلم خان فائٹ کے دوران پنچ لگنے سے زخمی ہوئے تھے، اس لیے کوئی قانونی کارروائی نہیں کی،  عبداللہ کے مطابق مرحوم باکسر اسلم خان نے بیوہ اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔ 

ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی نے بتایا کہ انہیں واقعے کی اطلاع ملی ہے، اس مقابلے کا پولیس کو علم نہیں تھا اور نہ ہی کسی نے باکسنگ مقابلے کے دوران موت کا مقدمہ درج کرایا۔

اُدھر گلستان جوہر تھانے کے ایس ایچ او اعظم گوپانگ کے مطابق پویلین کلب میں کسی باکسنگ مقابلے کا علم ہے اور نہ ہی کسی نے تھانہ گلستان جوہر میں اطلاع دی، ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا کھیل جس میں جان جانے کا خدشہ ہو سرکاری اجازت کے بغیر نہیں کرایا جا سکتا، انسپکٹر اعظم گوپانگ کے مطابق کسی بھی ایسی ایکٹیویٹی کی ڈپٹی کمشنر سے اجازت لی جاتی ہے، تھانے کو اجازت نامہ جمع کرایا جاتا ہے۔

 پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا حکومت سے  تحقیقات کا مطالبہ

دوسری جانب پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا کہنا ہےکہ یہ مقابلہ باکسنگ کونسل کے زیر اہتمام ہوا تھا جو کہ غیر قانونی ہے اور اس کا پاکستان میں باکسنگ سےکوئی تعلق نہیں۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے حکومت سے باکسرکی ہلاکت پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے  اپنے طور پر بھی معاملےکی تحقیقات کے لیےکمیٹی بنادی ہے۔

قومی باکسرمحمد وسیم کا کہنا ہےکہ  پروفیشنل باکسنگ خطرناک ایونٹ ہے، یونہی ہرکوئی یہ ایونٹ نہیں کراسکتا، پروفیشنل فائٹ سے پہلےکے میڈیکل ایس اوپی ہوتے ہیں، یہاں کسی چیزکو فالو نہیں کیا جارہا۔

رپورٹ کے مطابق اسلم خان کا تعلق بلوچستان کے علاقے پشین سے تھا اور وہ 2007 سے باکسنگ مقابلوں میں حصہ لے رہے تھے، انہوں نے  قومی سطح پر ہونے والے مختلف مقابلوں میں  64 کلوگرام کی کیٹیگری کا ٹائٹل اور 2020 میں ہیوی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

مزید خبریں :