کھیل
25 ستمبر ، 2012

ورلڈ ٹی20 :آج پاکستان اور بنگلادیش مد مقابل ہوں گے

ورلڈ ٹی20 :آج پاکستان اور بنگلادیش مد مقابل ہوں گے

پالی کیلے…آئی سی سی ورلڈ ٹی20 میں پاکستانی ٹیم آج بنگلہ دیش کے خلاف گروپ ڈی میں دوسرا اور اہم ترین میچ کھیلے گی۔ بنگال کے جادوگر پاکستانی ساحر سعید اجمل کا مقابلہ کریں گے۔ ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ مرحلے میں آنے کے لیے دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم اس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں ایک بار کوالی فائی کرچکی ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے2007 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی تھی اس کے بعد اس میگا ایونٹ میں ٹائیگرز کو لگاتار9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ہوئے ہیں اور تمام میں پاکستان فاتح رہا ہے۔ بنگلہ دیش کو دوسرے راؤنڈ میں جانے کے لیے پاکستان کو بڑے مارجن سے ہرانا ہوگا۔ بنگلہ دیش کے عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر شکیب الحسن اور فاسٹ بولر مشرفی مرتضٰی ان فٹ ہوگئے ہیں۔ دونوں نے ٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیا، شکیب کے بارے میں ٹیم منیجمنٹ کا کہنا ہے کہ ان کی میچ میں شرکت مشکوک ہے۔ مشرفی ٹخنے کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔محکمہ موسمیات نے آج بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :