Time 16 فروری ، 2021
کھیل

شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کی نائب کپتانی ملنے پر خوش

میرے لیے یہ نیا نیا تجربہ ہے، کوشش کروں گا ٹیم کی بہتری کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کروں، شاہین شاہ آفریدی— فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے نائب کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اپنی نظریں ایک بار پھر پاکستان سپر لیگ میں ٹاپ بولر بننے اوراپنی ٹیم کو فتحیاب کرانے پر مرکوز کرلی ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ لاہور قلندرز کی جانب سے نائب کپتان بنائے جانے پر وہ بہت خوش ہیں، ان کیلئے یہ نیا نیا تجربہ ہے، کوشش کریں گے کہ ٹیم کی بہتری کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں۔

نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ وہ تیسرے ایڈیشن سے لاہور قلندرز کا حصہ ہیں، اس ٹیم کا ماحول بہت انجوائے کررہے ہیں۔

ایک سوال پر گزشتہ ایڈیشن کے ٹاپ وکٹ ٹیکر نے کہا کہ وہ ایک بار پھر پاکستان سپر لیگ میں ٹاپ وکٹ ٹیکر بن کر لاہور قلندرز کو ٹورنامنٹ جتوانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ شاہین آفریدی نے گزشتہ سیزن میں سب سے زیادہ 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

20 سالہ فاسٹ بولر نے کہا کہ اس بار لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے سے بہتر ہے، راشد خان اور ٹوم ابیل کے آنے سے لاہور قلندرز کا اسکواڈ اور بھی مضبوط ہوگیا ہے، امید ہے اس بار نہ صرف فائنل کھیلیں گے بلکہ فائنل جیتیں گے بھی۔

انہوں نے لاہور قلندرز کے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ٹیم کی سپورٹ ہمیشہ کی طرح جاری رکھیں، لاہور قلندرز کی ٹیم فینز کو مایوس نہیں کرے گی۔

مزید خبریں :