کھیل

پاکستان کرکٹ ٹیم چارٹرڈ طیارے کے ذریعے جنوبی افریقا روانہ ہوگی

پاکستان کرکٹ ٹیم  چارٹرڈ طیارے کے ذریعے جنوبی افریقا روانہ ہوگی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 3 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے اس ماہ کی 27 تاریخ کو چارٹر طیارے کے ذریعے جنوبی افریقا روانہ ہوگی۔

چارٹرڈ طیارے کے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ ادا کرے گا تاہم ابھی یہ طے ہونا باقی ہے کہ جنوبی افریقا اور زمبابوے کے دورے پر پاکستان کرکٹ بورڈ ایک ہی دفعہ ٹیم کو روانہ کرے گا یا پھر زمبابوے کے دورے پر ٹیسٹ ٹیم کے ارکان بعد میں روانہ ہوں گے۔

اس بارے میں پی سی بی اور جنوبی افریقا کے یونائیٹڈ کرکٹ بورڈ کے درمیان بات چیت جاری ہے کیونکہ اگر زمبابوے کے دورے پر شامل ٹیسٹ ٹیم کے ارکان قومی اسکواڈ کے ساتھ جنوبی افریقا روانہ ہونگے تو ان کیلئے ہوٹل کے کمروں کے اخراجات، قیام اور علیحدہ پریکٹس کے معاملات کا انتظام جنوبی افریقا کا بورڈ کرے گا، یا نہیں ایک بڑا سوال ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ون ڈے میچ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 سپر لیگ کا حصہ ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 2 اپریل کو سینچورین، دوسرا ون ڈے 4 اپریل کو جوہانسبرگ اور آخری ون ڈے 7 اپریل کو سینچورین میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 4 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 16اپریل کو ختم ہوگی۔

17 اپر یل کو ٹیم پاکستان دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئٹی میچ کھیلنے زمبابوے کے شہر بلاوایو پہنچے گی جبکہ  پاکستان اور زمبابوے سیریز کے شیڈول کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔

مزید خبریں :