Time 08 مارچ ، 2021
کھیل

13ویں قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کا آغاز کل سے کراچی میں ہوگا

ٹورنامنٹ میں فاتح ٹیم کو دس لاکھ جبکہ رنر اپ ٹیم کو ساڑھے سات لاکھ روپے دیے جائیں گے،فوٹو: فائل

13ویں قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کل سے کراچی میں شروع ہوگی، ماڈل ٹاؤن فٹبال کلب کی دستبرداری کے بعد ٹورنامنٹ میں اب 19 ٹیموں کے درمیا ن مقابلہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 20 ٹیموں کو شرکت کرنا تھی تاہم ماڈل ٹاؤن فٹبال کلب آخری لمحات میں ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگیا،ذرائع کے مطابق  ماڈل ٹاؤن کلب کے پی ایف ایف سے گرانٹ کے معاملات پر اختلافات تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  پی ایف ایف نے قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں شریک ٹیموں کو گرانٹس جاری کی ہیں، کراچی کے کلبز کو تین لاکھ اور کراچی سے باہر کی ٹیموں کو آٹھ لاکھ گرانٹ دی گئی ہے،ماڈل ٹاؤن کلب نے پی ایف ایف سے12لاکھ گرانٹ کا مطالبہ کردیا تھا۔

 آخری لمحات میں کلب کی دستبرداری کی وجہ سے متبادل ٹیم کی شمولیت ناممکن ہوگئی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل نے اس بات کی تصدیق کی کہ ٹیموں کیلئے کورونا ٹیسٹ کی شرط نہیں رکھی گئی، پی ایف ایف اپنے وسائل کے مطابق اقدامات کررہا ہے، ہر ٹیم کو ایس او پی کا بتادیا گیا ہے جبکہ ہر کلب کو گرانٹ بھی دی گئی ہے۔

ڈینیل لمونس نے کہا کہ پی ایف ایف کی پوری کوشش ہے کہ پلیئرز کی صحت کا مکمل خیال رکھا جائے، اگر ٹورنامنٹ کے دوران کوئی مثبت کیس سامنے آیا تو فوری طور پر ٹورنامنٹ کو روک دیا جائے گا۔

 پی ایف ایف کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل نے مزید کہا کہ پلیئرز کی مدد کیلئے پی ایف ایف نے 24 گھنٹے کی ہیلپ لائن بھی رکھی ہے۔

تین اپریل تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں فاتح ٹیم کو دس لاکھ جبکہ رنر اپ ٹیم کو ساڑھے سات لاکھ روپے دیے جائیں گے، کوارٹر فائنل تک کوالیفائی نہ کر پانے والی ٹیموں ٹورنامنٹ سےفوری آؤٹ نہیں ہوں گی، ٹیبل پر بوٹم ٹیموں کے درمیان ناک آؤٹ کی بنیاد پر ڈوپلمنٹ اسٹیج راؤنڈ ہوگا۔

چیمپئن شپ میں نیپال کی چار فٹبالرز بھی شرکت کریں گی، یہ چاروں فٹبالرز، انجیلا تیمباپو، سارو لمبو، گیتا رانا اور انیتا، ماشا کلب کی نمائندگی کیلئے کراچی پہنچ چکی ہیں، یہ ملکی تارِیخ میں دوسرا موقع ہے جب کوئی غیر ملکی فٹبالرپاکستان میں قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں حصہ لے گی، اس سے قبل 2014 میں مالدیپ کی عریشہ رضا نے بلوچستان یونائٹیڈ کی نمائندگی کی تھی۔

افتتاحی روز چار میچز ہوں گے جس میں واپڈا کا مقابلہ گلگت ویمن فٹبال کلب، ہزارہ گرلز اکیڈمی کا مقابلہ ہزارا کوئٹہ کلب، کراچی یونائیٹڈ کا مقابلہ کراچی ویمن کلب اور ماشا یونائیٹید کا مقابلہ سیالکوٹ ویمن کلب سے ہوگا۔

مزید خبریں :