قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں شریک ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

کراچی میں جاری قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں شریک ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

13 ویں قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کے مقابلے کراچی میں جاری ہیں، ایونٹ میں 19 ٹیموں کی 400 سے زائد فٹبالرز شریک ہیں۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے مطابق ایونٹ میں شریک کراچی یونائیٹڈ کی ٹیم ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ کلب کی جانب سے پی ایف ایف کو اس بات کی باضابطہ اطلاع کردی گئی ہے۔

پی ایف ایف ترجمان نے بتایا کہ کراچی یونائیٹڈ گروپ بی میں شامل تھی اور فیڈریشن نے ٹیم اور اس سے براہ راست مقابلہ کرنے والی اور ان ٹیموں سے مقابلہ کرنے والی ٹیموں کو مکمل اسکواڈ کے کورونا ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

ٹیسٹ کے نتائج آنے تک گروپ بی کے میچز معطل رہیں گے جبکہ پی ایف ایف ٹیموں کو ٹیسٹنگ کرانے کیلئے مالی معاونت فراہم کرے گا۔

کراچی یونائیٹڈ نے چیمپئن شپ میں ایچ ای سی اور کراچی ویمن ایف سی سے مقابلہ کیا جبکہ کراچی ویمن ایف سی نے سیالکوٹ سے مقابلہ کیا، پی ایف ایف نے ان چاروں ٹیموں کو ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی ہے۔

قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں منگل کو گروپ بی کے میچز میں کراچی یونائیٹڈ کو ماشا یونائیٹڈ اور کراچی ویمن ایف سی کو ایچ ای سی سے میچ کھیلنا تھا تاہم یہ میچز اب نہیں ہوں گے۔

پی ایف ایف ترجمان کے مطابق ان میچز پر فیصلہ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج کے بعد ہوگا جبکہ دیگر میچزفی الحال شیڈول کے مطابق ہوں گے لیکن اگر کیسز کی تعداد میں زیادہ اضافہ ہوا تو پھر چیمپئن شپ معطل کرنے کا آپشن زیر غور آسکتا ہے۔

مزید خبریں :