Time 18 مارچ ، 2021
پاکستان

فلور ملز ایسوسی ایشن کا گندم 1800 روپے من مقرر کرنے کا مطالبہ

فائل:فوٹو

لاہور: فلور ملز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے پنجاب حکومت سے فوری طور پر گندم کی نئی فصل کی امدادی قیمت 1800 روپے من مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایسویسی ایشن کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ فلور ملز کو گندم کی نئی فصل کی خریداری کی اجازت دی جائے جب کہ گندم کی درآمد اور برآمد کی سارا سال اجازت ہونی چاہیے ورنہ قلت او رقیمت قابو میں نہیں آئے گی۔

ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال گندم اور آٹے کا بحران حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ تھا،کم آمدنی والے افراد کو سارا سال آٹے پر سبسڈی ملنی چاہیے کیونکہ صوبوں میں امدادی قیمت میں فرق اسمگلنگ اور قلت کا باعث بنتا ہے۔

فلور ملز رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسٹوریجز کے لیے آسان شرائط پرقرضے فراہم کیے جائیں اور گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں ورنہ آٹے کی قیمتوں میں کمی ممکن نہیں ہے۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت نے گندم کی نئی فصل کی امدادی قیمت 2 ہزار روپے مقرر کی ہے  اور یکم اپریل سے خریداری مہم کا آغاز بھی کیا جائے گا۔

دوسری جانب پنجاب میں فلور ملز رہنما ؤں نے پنجاب حکومت سے گندم کی امدادی قیمت کے اعلان میں تاخیر کوافسوس ناک قراردیا ہے۔

مزید خبریں :