پاکستان
Time 27 اپریل ، 2021

حاملہ خواتین کو کورونا ویکسین لگانے سے اجتناب کرنے کی ہدایات جاری

حکومت نے حاملہ خواتین کو کورونا ویکسین لگانے سے اجتناب کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

جیونیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز میں سائنو فارم ،کین سائنو بائیو ،سائنو ویک اور اسپوٹنک ویکسین سے متعلق ہدایات دی گئی ہیں۔

گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہےکہ سائنو ویک کے حاملہ خواتین پرمحدود ٹیسٹ کیے گئے ہیں لہٰذا اسے حاملہ خواتین کو لگانے سے اجتناب کیا جائے جب کہ سائنو فارم کے حاملہ خواتین پرتجربات نہیں کیےگئے اس لیے یہ حاملہ خواتین کے لیے کتنی محفوظ ہے اس کا ڈیٹا موجود نہیں۔

گائیڈ لائنز میں مزید کہا گیا ہےکہ کین سائنو بائیوویکسین کے حاملہ اوربچوں کودودھ پلانے والی خواتین پر تجربات نہیں کیے گئے اس لیے اس کا حاملہ اور بچوں کودودھ پلانے والی خواتین سے متعلق سیفٹی کا ڈیٹا موجود نہیں ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق اسپوٹنک ویکسین کے حاملہ خواتین پربہت محدودٹیسٹ کیے گئے ہیں لہٰذا یہ ویکسین نہ لگوائی جائے۔

اس حوالے سے وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہےکہ کورونا ویکسین کے حاملہ خواتین پر ٹرائل ٹیسٹ کا واضح ڈیٹا موجود نہیں۔