09 مئی ، 2021
سرگودھا میں 7 سال قبل 7 برس کی اغوا کی گئی لڑکی کو بازیاب کروا لیا گیا۔
سرگودھا میں مقام حیات کے رہائشی محنت کش یونس کی 7 سالہ بیٹی ام کلثوم کو 20 مئی 2014 کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ بھائی کے ساتھ چیز لینے گھر کے قریب دوکان پر جا رہی تھی۔
پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ام کلثوم کی تلاش شروع کر دی لیکن اغوا کار بچی کو پہلے خوشاب اور پھر چکوال میں اینٹوں کے بھٹے پر لے گئے۔
57 سالہ مرکزی ملزم احمد علی بچی سے ناصرف جبری مشقت لیتا بلکہ اسے اپنی ہوس کا نشانہ بھی بناتا رہا، اینٹوں کے بھٹے کے مالک سمیت دیگر 4 ملزم بھی بچی سے زیادتی کرتے رہے۔
مرکزی ملزم احمد علی نے بچی سے جعلی نکاح بھی کر لیا، اس دوران 13 برس کی عمر میں بچی نے بیٹے کو جنم بھی دیدیا۔
پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے چکوال سے 2 ملزم احمد علی اور شعیب کو گرفتار کرکے بچی کو بازیاب کروا لیا گیا جبکہ زیادتی کے دیگر 2 ملزم وفات پا چکے ہیں۔
مغویہ اور اس کے والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔