06 جون ، 2021
پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہےکہ ویکسین لگوانے والوں کو مختلف مراعات دینے پر غور کر رہے ہیں جبکہ 11 کروڑ کی آبادی والےصوبے میں کم از کم 50 فیصد لوگوں کو ویکسین لگنا ضروری ہے۔
وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے ایوان وزیراعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کورونا مریضوں میں کمی آئی ہے،لاہور میں مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ تین اورپنجاب میں دو فیصد پر آگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2 اضلاع خانیوال اور وہاڑی میں صورتحال ذرا پریشان کن ہے۔
ویکسین کے حوالے سے یاسمین راشدکا کہنا تھاکہ گزشتہ 24 گھنٹے میں ایک لاکھ 80 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی، صوبے میں ویکسین کی کمی نہیں ہے جبکہ ویکسین لگوانے والوں کو مختلف مراعات دینے پر غور کر رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم سے متعلق صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو بہترین علاج معالجےکی سہولت دی جس کے باعث وہ بیرون ملک سفر کے قابل ہو ئے لیکن افسوس کہ اتنا عرصہ حکومت میں رہنے کے باوجود وہ ایسا اسپتال نہیں بناسکے جہاں ان کا علاج ہو سکے۔
ڈاکٹر یاسمین راشدنےکہاکہ آئندہ جمعے کو مساجد میں ویکسین پر خطبے ہوں گے، کورونا ایس او پیز اور پابندیاں برقرار ہیں، ہفتے اور اتوار کے دنوں میں مکمل لاک ڈاؤن کا سلسلہ برقرار ہے۔