Time 09 جون ، 2021
پاکستان

لاہور میں مشکیزہ لٹکائے پانی کا چھڑکاؤ کرتا ماشکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز

فوٹو: والڈ سٹی اتھارٹی ٹوئٹر

مشکیزے سےگلی محلوں میں پانی کے چھڑکاؤ کی روایت اب تقریباً دم توڑ چکی ہے لیکن لاہور کی والڈ سٹی اتھارٹی اس روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہے اور اندرون شہر کندھے پر مشکیزہ لٹکائے پانی کا چھڑکاؤ کرتا ماشکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز  بن گیا ہے۔ 

تاریخی شہر لاہور اپنی الگ ہی پہچان رکھتا ہے، وقت کا تیز دھارا یہاں کی بہت سی روایات کو اپنے ساتھ بہا کر لے جانے لگا ہے لیکن والڈ سٹی اتھارٹی نے شہر کی ایک دم توڑتی روایت پھر سے زندہ کرنے کی ٹھان لی ہے۔

دہلی دروازے میں داخل ہوں تو کندھے پر مشکیزہ لٹکائے ماشکی گلیوں میں پانی کا چھڑکاؤ کرتا دکھائی دیتا ہے، سیاحوں کے لیے یہ ایک حیرت انگیز منظر ہے۔

مشکیزے میں پانی بھرنے سے لے کر چھڑکاؤ تک کا منظر بھی اپنے اندر الگ ہی کشش رکھتا ہے،دہلی دروازے کی گلیوں میں پانی چھڑکاتے ماشکی کا لباس اور حلیہ دیکھنے والے کو ماضی میں لے جاتا ہے۔

ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری کا کہنا ہےکہ روایات کو زندہ رکھنا ہی کسی شہر کی اصل خوبصورتی ہے۔

والڈ سٹی اتھارٹی جہاں تاریخی عمارتوں کو محفوظ بنانے میں مصروف ہے وہہیں سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اس تاریخی شہر کی روایات کو بھی زندہ رکھنے میں کوشاں ہے ۔

مزید خبریں :