پاکستان

اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک واپس لے لی

اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک واپس لے لی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے حکومت کی درخواست پر ڈپٹی اسپیکر کےخلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا فیصلہ کیا ۔

اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد واپس لینے کی درخواست قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ عجلت میں قانون سازی کے معاملے پر ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانی پڑی،حکومت نے متنازع قانون سازی پر پارلیمانی کمیٹی میں غور کا وعدہ کیا ہے، اب اس قانون سازی پر بات چیت ہوگی اس لیے درخواست واپس لیتے ہیں۔

اس سے قبل قومی اسمبلی اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ہم نے احتجاجاً ڈپٹی اسپیکر کےخلاف عدم اعتماد کی قرارداد داخل کی تھی،  اُن قوانین کو ڈسکس نہیں کیا گیا،امید کرتے ہیں آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا کہنا تھا کہ لیڈر آف ہاؤس، اپوزیشن لیڈر اور تمام اراکین کا احترام ملحوظ خاطر رکھا جائےگا، اگرغیرپارلیمانی الفاظ استعمال ہوئے تو کارروائی ہوگی۔

مزید خبریں :