08 جولائی ، 2021
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بیورو کریسی کی رفتار بڑھانے کے لیے وزیر اعلیٰ کپیسٹر لگانے جا رہے ہیں، اب جو عوام کے مسائل حل نہیں کرے گا وہ بیورو کریٹ گھر جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا اپوزیشن سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں بلکہ صرف ان کی لوٹ مار پالیسی سے اختلاف ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو اب سمجھ آگیا ہوگا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنی مدت پوری کیے بغیر نہیں جا سکتی، کشمیر کے الیکشن میں بھی اپوزیشن کے ہوش مزید اڑا دیں گے۔
معاون خصوصی پنجاب کا اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن منہ کے بل گرنے کے بعد حواس اپنے بحال کر رہی ہے، نواز شریف کے واپس نہ آنے کا اعلان کرنے والے قانون کو للکار کر عدالتوں کو منہ چڑا رہے ہیں، اب عدالتوں کو دیکھنا ہے کہ وہ نواز شریف کے گارنٹر کو کب بلاتی ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نےکہا کہ وزیر اعلیٰ کی رفتار زیادہ اور بیوروکریسی کی کم ہے جس کا اہم مسئلہ استعداد اور بدنیتی کا ہے تاہم بیورو کریسی کی رفتار بڑھانے کے لیے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کپیسٹر لگانے جا رہے ہیں، اب جو عوام کے مسائل حل نہیں کرے گا وہ بیورو کریٹ گھر جائے گا۔
علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب حکومتی ترجیحات کا مرکز ہے، ہم خانہ پُری نہیں بلکہ مسلسل ایک روڈ میپ پر عمل کر رہے ہیں، ہماری حکومت فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج اور کوہ سلیمان میں 4 نئے ڈیمز بنا رہی ہے۔