16 جولائی ، 2021
امریکی ریاست جارجیا کے شہر اگسٹا کے رہائشی میکس ولچر اور ان کی اہلیہ ٹرش نے سونے سے قبل اپنے بسترکے نیچے سے 18 سانپ بر آمد ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرش کا کہنا تھا کہ انہیں بستر کے نیچے فرش پر چلتی ہوئی چیز محسوس ہوئی جس کو دیکھنے کے لیے قریب گئیں تو اس نے حرکت شروع کردی تھی تاہم اس کے کچھ لمحوں میں ان کے خاوند کو بھی ایک سانپ دکھائی دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سانپوں کی تعداد بڑھتے بڑھتے 18 ہوگئی لیکن وہ انہیں مارنا نہیں چاہتے تھے اس لیے سانپوں کو اوزار سے پکڑ کر بیگ میں جمع کرتے گئے اور انہیں بغیر کسی مشکل کے قریبی کریک میں چھوڑ دیا گیا۔
میکس کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد انہوں نے جنگلی حیات کے ماہرین سے رجوع کرکے اپنے گھر بلایا تاکہ وہ مزید سانپ کے بچے ڈھونڈ سکیں۔
ماحولیاتی معلم کیملیا شرمین نے کہا کہ اگر کسی گھر میں چوہے پریشان کرتے ہیں اس صورت میں سانپ آپ کی مدد کر سکتے ہیں، سردیوں کے مقابلے میں ان کا جسم گرمیوں میں زیادہ گرم ہونے کی وجہ سے وہ چست رہتے ہیں اس لیے سردی کے موسم میں ان کو گھروں میں گھستے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔