دنیا
Time 30 جولائی ، 2021

اولمپک کمیٹی نے ایرانی گولڈ میڈلسٹ کیخلاف ثبوت مانگ لیے

جواد فروغی نے کچھ روز قبل ہی ٹوکیو اولمپکس میں شوٹنگ کے مقابلوں میں ایران کیلئے طلائی تمغہ اپنے نام کیا تھا— فوٹو:فائل
جواد فروغی نے کچھ روز قبل ہی ٹوکیو اولمپکس میں شوٹنگ کے مقابلوں میں ایران کیلئے طلائی تمغہ اپنے نام کیا تھا— فوٹو:فائل

عالمی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے  ایران سے تعلق رکھنے والے شوٹر  'جواد فروغی' کیخلاف مہم چلانے والی تنظیم کو  چیلنج  کرتے ہوئے ثبوت فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

جواد فروغی نے کچھ روز قبل ہی  ٹوکیو اولمپکس میں شوٹنگ کے مقابلوں  میں ایران کیلئے طلائی تمغہ اپنے نام کیا تھا۔ 

طلائی تمغہ جیتنے کے بعد'یونائیٹد فار نوید ' نامی تنظیم  نے  اولمپک کمیٹی کو   جواد فروغی کیخلاف تحقیقات اور   اُن کے جیتے ہو ئے طلائی تمغے کو  معطل کرنے کا  مطالبہ کیا  تھا۔

تنظیم کا یہ مؤقف ہے کہ فروغی نے مبینہ طور پر ملک  شام میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ( Islamic Revolutionary Guard Corps)  میں نرس کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں ، جسے امریکا نے سن 2019 میں ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

آئی او سی کے ترجمان مارک ایڈمز کا کہنا ہے کہ  اگرتنظیم کے پاس اس  حوالے سے کوئی ثبوت ہیں تو وہ ہمیں فراہم کرے ۔

واضح رہے  تنظیم یونائیٹڈ فور نوید  ا یران کو   عالمی  کھیلوں  سے خارج کروانے کے لیے مہم چلارہی ہے۔

اس تنظیم کا نام ایرانی  ریسلر  نوید آفکاری  سے منسوب کیا گیا ہے   ، جسے گزشتہ سال،  2018 میں جاری  ایرانی حکومت کے خلاف مظاہرے کے دوران  مبینہ قتل کے الزام میں  پھانسی دی گئی تھی۔

مزید خبریں :