24 اگست ، 2021
کراچی: ایک سال پرانا پاکستانی اسٹارٹ اپ ’ بازار ‘ 3 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
ٹیک کرنچ کی ایک رپورٹ کے مطابق’ بازار ‘پاکستان میں تاجروں کے لیے بزنس ٹو بزنس مارکیٹ پلیس بنا رہا ہے اور ان کی بُک کیپنگ کو ڈیجیٹل کرنے میں بھی مدد کر رہا ہے۔
’بازار‘ نے بتایا کہ اس نے جنوبی ایشیائی مارکیٹ میں سیریز اے راؤنڈ میں 30 ملین ڈالر اکٹھے کیے ہیں۔
پاکستان کے سب سے بڑے اس سیریز اے فنانسنگ راؤنڈ کی قیادت سلیکون ویلی میں قائم ابتدائی مرحلے کے وی سی ڈیفی پارٹنرز اور سنگاپور میں قائم ویو میکر پارٹنرز نے کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس نئے راؤنڈ میں اینٹلر ، کریم ، اینڈیور ، گم روڈ ، لنکڈ اور نوٹیشن کے موجودہ اور سابقہ لیڈرز کے ساتھ ساتھ نئے سرمایہ کاروں اکرو کیپیٹل ، جاپان کا سیسن کیپیٹل ، متحدہ عرب امارات کا زین کیپیٹل اور بی اینڈ وائی وینچر پارٹنرز اور موجودہ سرمایہ کار انڈس ویلی کیپیٹل ، گلوبل فاؤنڈرز کیپیٹل ، نیکسٹ بلین وینچرز اور الٹر گلوبل نے بھی حصہ لیا۔
’بازار‘ کا بزنس ٹو بزنس مارکیٹ پلیس فی الحال کراچی اور لاہور میں سروسز فراہم کر رہا ہے جب کہ اس کی ایزی کھاتا سروس ملک بھر میں موجود ہے۔