Time 27 ستمبر ، 2021
پاکستان

کراچی نیو سرکلر ریلوے کوئی نیا منصوبہ نہیں ہے: ریلوے حکام کا انکشاف

کراچی: ریلوے  ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی نیو سر کلر  ریلوے کوئی نیا منصوبہ نہیں بلکہ یہ وہی منصوبہ ہے جو سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے بنایا تھا۔

جیو نیوز کو ریلوے کے سینئر حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ کراچی نیو سرکلر ریلوے منصوبہ کوئی نیا منصوبہ نہیں ہے  بلکہ یہ وہی منصوبہ  ہے جو مسلم لیگ ن کے سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے بنایا تھا۔

 ریلوے ذرائع  کا کہنا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے (  کے سی آر ) کے محض تیسرے فیز کو ہی نیو کے سی آر کا نام دیا گیا ہے اور یہ کے سی آر کا وہی منصوبہ ہے جو سعد رفیق نے بنایا تھا۔

ریلوے ذرائع کے مطابق،  آج کے سی آر منصوبے کا سنگ بنیاد وزیر اعظم عمران خان رکھ رہے ہیں  جبکہ موجودہ وزیر داخلہ شیخ رشید نومبر 2020 میں اس کا افتتاح کرچکے ہیں۔

ذرائع  کا کہنا ہے کہ کے سی آر کے محض تیسرے فیز کو نیو کے سی آر کا نام دیا گیا ہے  جبکہ تیسرے فیز کی بحالی کے سنگ بنیاد کی تقریب جلد بازی میں کی جارہی ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق،  اس فیز کی بحالی میں بہت سی رکاوٹیں ہیں جبکہ سندھ حکومت کے ساتھ مل کر بہت سے معاملات طے ہونا ابھی باقی ہیں۔

مزید خبریں :