Time 30 ستمبر ، 2021
پاکستان

پاکستانی شناختی کارڈ کے حامل 10 ایرانی شہری گرفتار

کراچی میں نیشنل رجسٹریشن اینڈ ڈیٹا بیس اتھارٹی (نادرا) سے غیرقانونی شناختی کارڈز کا اجرا نہ رک سکا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستانی شناختی کارڈ کے حامل 10 ایرانی شہری گرفتار کرلیے، ایرانی شہریوں کے پاس دیگر سفری دستاویزات بھی تھیں۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق نادرا ملازمین کےخلاف کارروائیوں کے باوجود غیر قانونی شناختی کارڈز کا اجرا تشویشناک ہے۔

کراچی میں ایف آئی اے حکام نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے بعد 10 ایرانی شہریوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار افراد کو نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ اور سفری دستاویزات جاری کیے گئے تھے۔

ایک طرف جہاں ایلین رجسٹریشن کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں تو دوسری طرف غیر ملکیوں کو شناختی کارڈز جاری کیے جارہے ہیں۔

گرفتار ایرانی شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈز حالیہ دنوں میں جاری ہوئے تھے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ نادرا ملازمین کیخلاف کارروائیوں کے باوجود غیر قانونی شناختی کارڈز کا اجرا باعث تشویش ہے، حالیہ دنوں میں نادرا کے اعلیٰ افسران و ملازمین سمیت 18 افراد کو گرفتار کیا گیا جن کے خلاف مقدمات درج ہوئے ہیں۔

ان افسران میں نادرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور سینئر ایگزیکٹو سمیت کئی اہلکار شامل ہیں۔

مزید خبریں :