Time 04 اکتوبر ، 2021
پاکستان

مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی آف شور کمپنیوں کا واویلا، معاملہ کیا تھا؟

مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی آف شور کمپنیوں کا واویلا،  سرکاری ٹی وی کے اسکرین شاٹ کی بنیاد پر خبر پھیلائی گئی، نجی ٹی وی چینل نے بھی خبر نشر کر دی، معاون خصوصی شہباز گِل نے سرکاری ٹی وی کو کریڈٹ دیا تو  وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی مریم نواز کی خوب کلاس لگائی۔

بعد ازاں  سرکاری ٹی وی نے اسکرین شاٹ کو جعلی قرار دیا تو مریم نواز نے ان تمام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا۔

مریم نواز کے بیٹےجنید صفدر کی آف شور کمپنیوں کی خبر کی ذمہ داری معمہ بن گئی۔

پنڈورا پیپرز آنے کے بعد سوشل میڈیا پر سرکاری ٹی وی کا اسکرین شاٹ وائرل ہوا کہ جنید صفدر کی 5 آف شور کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔ سرکاری ٹی وی کا حوالہ دے کر خبر  ایک نجی ٹی وی چینل پر بھی نشر کر دی گئی۔ مریم نواز نے خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے قانونی کاروائی کا عندیہ دے دیا۔

دستیاب شواہد کے مطابق جنید صفدر کی کمپنیوں کی خبر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور شہباز گل نے ٹوئیٹ کی ۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے رات 11 بجکر  2 منٹ پر سرکاری ٹی وی کے اسکرین شاٹ کے ساتھ خبر ٹوئٹ کر دی۔

 اسی وقت وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی ٹوئٹ کی کہ جنید صفدر کی بھی کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔ ایسے میں نجی ٹی وی نے سرکاری ٹی وی کے نام سے یہ خبر بریک کر دی۔

اسی پروگرام میں موجود شبہاز گل نے نجی ٹی وی پر لائیو گفتگو میں خبر کی تصدیق کی۔ پھر  دیگر چینلز نے بھی وفاقی وزراء کے نام سے یہ خبر ٹوئٹ کر دی۔

مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ اگر نجی ٹی وی نے جعلی خبر پر معافی نہیں مانگی تو وہ اس پر مقدمہ کر دیں گی۔ فواد چوہدری نے مریم نواز سے کہا کہ کیا یہ درست ہے کہ آپ کے نام پر متعدد آف شور کمپنیاں ہیں ۔

وفاقی حکومت کے وزیر اور معاون خصوصی کی جانب سے اس خبر کے پرچار کے اس سارے جھگڑے میں سرکاری ٹی وی کے اعلیٰ عہدیدار نے ٹوئٹ کی کہ سرکاری ٹی وی نے تو یہ خبر نشر نہیں کی، یہ جعلی ہے۔ تصویر فوٹو شاپ کی گئی اور سرکاری ٹی وی کے ادارے کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا حق رکھتے ہیں۔

اس وضاحت کے بعد نجی ٹی وی چینل نے بھی جعلی خبر نشر کرنے پر معذرت کر لی جبکہ سوشل میڈیا پر یہ خبر پھیلانے والوں نے اپنے ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنا شروع کر دیے۔

البتہ معاون خصوصی شہباز گِل اور وزیر اطلاعات فود چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ان الزامات کے ٹوئٹ ڈیلیٹ نہیں کیے۔

مزید خبریں :