Time 13 اکتوبر ، 2021
پاکستان

بغیر پھاٹک ریلوے ٹریک عبور کرنے کے خلاف دفعہ 144 نافذ

ریلوے ٹریک کہاں سے اور کیسے عبور کرنا چاہیے ، ریلوے حکام نے اس سلسلے میں تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم شروع کردی ہے— فوٹو: فائل
ریلوے ٹریک کہاں سے اور کیسے عبور کرنا چاہیے ، ریلوے حکام نے اس سلسلے میں تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم شروع کردی ہے— فوٹو: فائل

ریلوے حکام نے بغیر  پھاٹک ٹریک عبور کرنے کے خلاف دفعہ 144 نافذ کر دی۔

خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ریلوے ٹریک کہاں سے اور کیسے عبور کرنا چاہیے ، ریلوے حکام نے اس سلسلے میں تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم شروع کردی ہے۔

بچوں کو اینی میٹیڈ فلم کے ذریعے ریلوے ٹریک عبور کرنے کا طریقہ کار بتایا جا رہا ہے۔ ڈی ایس ریلوے لاہور ناصر خلیلی کا کہنا ہے کہ ٹریک پر حادثات کی روک تھام کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

ریلوے لیڈی گریفن ہائی اسکول لاہور میں منعقدہ آگاہی مہم سے خطاب میں ریلوے کے شعبہ سیفٹی کی سربراہ روبینہ ناصر کا کہنا تھا کہ پھاٹک کے سوا ریلوے ٹریک کو کسی دوسری جگہ سے عبور کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ طالب علموں نے کہا کہ انہیں آگاہی مہم سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

ریلوے حکام کے مطابق سال 2020 کے دوران صرف لاہور ڈویژن کے ریلوے ٹریک پر مختلف حادثات میں 119 افراد جاں بحق ہوئے۔

بچوں نے عہد کیا کہ وہ ریلوے ٹریک پر کبھی نہیں کھیلیں گے اور ٹریک عبور کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے۔

مزید خبریں :