15 فروری ، 2012
بیجنگ … چین نے کہا ہے کہ وہ صدر بشارالاسد سمیت کسی پارٹی کو تحفظ نہیں دے رہا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بیجنگ میں یورپی کونسل کے صدر ہرمن وان رومپوئے کے ہمراہ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چین کے وزیراعظم وین جیا باؤ نے کہا کہ چین کی حکومت صدر بشارالاسد سمیت کسی پارٹی کو تحفظ فراہم نہیں کررہی ، ان کی حکومت شام میں قیام امن کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اقوام متحدہ سے مل کر شام میں جنگ بندی کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ دوسری جانب امریکہ اور ترکی نے شام میں شہریوں کی ہلاکت کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عرب لیگ منصوبے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ عالمی برادری شام میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کو روکنے ، رہائشی علاقوں سے فوج کی واپسی اورملک میں حقیقی جمہوریت کے فروغ کیلئے اقدامات کرے۔