15 فروری ، 2012
کینبرا… اسلامی کانفرنس تنظیم (او آئی سی) نے شام کی حکومت پر اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے سفارتی دباؤبڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 57 رکنی تنظیم کے سیکرٹری جنرل اکمل دین احسان اوگلو نے آسٹریلوی دارالحکومت میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ عراق، لیبیا اور صومالیہ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بات واضح ہے کہ شام میں فوجی مداخلت کا نقصان شام کے شہریوں کو ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا، عراق اور صومالیہ میں غیرملکی فوجی مداخلت نے ان ممالک میں مسائل حل کرنے کی بجائے صورتحال کومزید خراب کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیونس میں 24 فروری کو ہونے والے اجلاس سے شامی حکومت پر دباؤ بڑھانے میں مدد ملے گی۔