دنیا
15 فروری ، 2012

جنرل اسمبلی میں شام سے متعلق نئی قرارداد پر رائے شماری کل ہوگی

نیویارک… اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شام سے متعلق نئی قرارداد پر رائے شماری کل ہوگی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب اور کویت کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد پر رائے شماری کل ہوگی۔ نئی قرارداد میں شام کے صدر بشارالاسد سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شہریوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے حملے فوری طور پر بند کرائیں۔ قرارداد میں عرب لیگ کی جانب سے پیش کئے جانے والے امن منصوبے کی بھی حمایت کی گئی ہے اور شام کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ روس اور چین کی طرف سے قرارداد کی مخالفت متوقع ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ دونوں ممالک نے سلامتی کونسل میں 4 فروری کو شام کے بارے میں قراردار کو غیر متوازن قرار دیتے ہوئے ویٹو کردیا تھا۔ دوسری جانب دمشق میں شام کی وزارت خارجہ نے افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے کمیشن نے شام میں مسلح گروپوں کی کارروائیوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شام کی حکومت انسانی جرائم میں ملوث نہیں۔

مزید خبریں :