24 اکتوبر ، 2021
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سب سے بڑے مقابلے یعنی پاک بھارت ٹاکرے میں قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی فیملیز بھی پاکستان ٹیم کا حوصلہ بڑھائیں گی۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اسکواڈ کے بعض ارکان کی دبئی میں موجود فیملیز اسٹیڈیم میں میچ دیکھیں گی، قومی کھلاڑیوں کے اہلخانہ کے لئے اسٹیڈیم میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
خصوصی انتظامات بائیو سکیور ببل کا حصہ ہونے کی وجہ سے کیے گئے ہیں کیونکہ اسکواڈ کے ارکان کی فیملیز بھی بائیو سکیور ببل کا حصہ ہیں، یہی وجہ ہے کہ فیملیز کو بھی ماضی کی طرح آزادانہ گھومنے کی اجازت نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی طرح ان کی سرگرمیاں بھی محدود ہیں۔
محمد حفیظ، شعیب ملک، محمد رضوان، فخر زمان، حسن علی، سرفراز احمد، عماد وسیم، عثمان قادر، کوچ ثقلین مشتاق اور فزیو کلف ڈیکن کے اہلخانہ دبئی میں موجود ہیں۔
آئی سی سی پروٹوکولز کے مطابق پی سی بی نے اسکواڈ کو فیملیز ساتھ رکھنے کی اجازت دی ہے۔