25 اکتوبر ، 2021
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی تاریخی فتح پر دبئی اسٹیڈیم میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد فرط جذبات سے روپڑے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں بابر اعظم کے والد کو دیکھا جاسکتا ہے جس میں وہ میچ میں پاکستان کی فتح کے بعد خود پر قابو نہ کرسکے اور خوشی اور فرط جذبات سے رونے لگے۔
واضح رہےکہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی بار بھارت کو شکست دی ہے۔
میچ کے بعد بابراعظم کے والد کے پاس موجود شائقین انہیں مبارک باد دے رہے ہیں ، مبارک باد دینے والوں میں چاچا کرکٹ بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے، جواب میں پاکستان نے 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان پر اٹھارہویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلےاور 152 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور بھارتی بولرز کو وکٹ لینے کا موقع نہ دیا۔
محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست79 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم نے 68 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔