27 اکتوبر ، 2021
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد کہا کہ' الحمد اللہ دو میچز میں سے دو کامیابی حاصل کر لی ہے'۔
بابر اعظم نے کہا کہ کوالٹی ٹیم کے خلاف بولنگ ، فیلڈنگ اور بیٹنگ کا شاندار مظاہرہ کیا جبکہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ پوری ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی کامیابی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں ۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ مزید دعاؤں کی ضرورت ہے جبکہ نظریں اب اگلے میچ پر ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کا اگلا مقابلہ افغانستان کے خلاف جمعہ 29 اکتوبر کو دبئی میں شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا سپر 12 مرحلہ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔