30 اکتوبر ، 2021
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کا کہنا ہے کہ دبئی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ کے دوران ہزاروں افراد بغیر ٹکٹ اسٹیڈیم آگئے جس کی وجہ سے اسٹیڈیم کے گیٹس بند کرنا پڑے اور کئی تماشائی ٹکٹ کے باوجود بھی گراؤنڈ میں نہ آسکے ۔
آئی سی سی نے ان افراد کے ٹکٹس ری فنڈ کرنے کا بھی کا اعلان کیا ہے۔
آئی سی سی کا اعلامیہ کے مطابق دبئی میں پاکستان اور افغانستان کے میچ کیلئے 16ہزار ٹکٹس جاری کیے گئے مگر ہزاروں کی تعداد میں بغیر ٹکٹ کے فینز نے اسٹیڈیم میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی ۔
پولیس اور سکیورٹی اسٹاف نے اسٹیڈیم کو محفوظ بنایا اور کراؤڈ کو منتشر کرنے اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے اضافی وسائل استعمال کیے۔
دبئی پولیس نے وینیو کے اندر ماحول کو قابو میں لانے کے لیے گیٹ بند کیے جس کی وجہ سے ٹکٹ کے حامل افراد بھی گراؤنڈ نہ آسکے۔
آئی سی سی نےان افراد سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ افراد ری فنڈ کیلئے متعلقہ ادارے سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
آئی سی سی نے معاملے پر ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے بھی کہا ہے کہ کوشش کی جائے کہ دوبارہ ایسا واقعہ پیش نہ آئے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں گروپ 2 کے میچ میں پاکستان نے گزشتہ روز آصف علی کے 4 چھکوں کی بدولت افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔