03 نومبر ، 2021
قومی کرکٹ ٹیم کےکپتان بابراعظم کے والد نے ٹریننگ کیمپ میں سر پر گیند لگنے سے زخمی ہونے والی قومی ویمن کرکٹر بسمہ امجد کے علاج کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اپیل کردی۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بابراعظم کے والد اعظم صدیقی نے لکھا کہ وہ بغیر کسی تمہیدکے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے درخواست کرتے ہیں کہ ہماری بیٹی بسمہ امجد کے فوری علاج کا بندوبست کردیں۔
اعظم صدیقی نے پیشکش کی کہ اگر یہ ممکن نہیں تو بابرکی بھارت سے میچ کی فیس سے بل ادا کردیا جائے، کیونکہ جس کو پاکستان کا اسٹار لگا ہو اور وہ علاج کے لیے بے بس ہو تو یہ قوم کا بے بس ہونا لکھا جائےگا۔
خیال رہےکہ گذشتہ دنوں کراچی میں قومی ویمن کرکٹر بسمہ امجدپی سی بی کی اکیڈمی میں سر پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہوگئی تھیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق زخمی ہونےکے بعد بسمہ کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کے علاج پر 54 ہزار روپے بل بن گیا تاہم بورڈ آفیشلز کی جانب سے بل کی ادائیگی سے انکار پر ویمن کرکٹر رونے لگیں جس پر کسی اور نے ان کا بل ادا کیا۔
بعد ازاں سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد پی سی بی کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق سندھ ریجنل اکیڈمی میں خواتین کے تربیتی کیمپ کے دوران بسمہ امجد کو سر پر چوٹ لگ گئی تھی، پی سی بی کا کہنا تھا کہ وہ ایک ذمہ دار ادارے کے طور پر بسمہ امجد کی صحت اور علاج کے اخراجات کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ 24 اکتوبر ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلی بار بھارت کو شکست دی تھی، اس موقع پر بابر کے والد اعظم صدیقی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے جو کہ پاکستان کی جیت پر فرط جذبات سے روپڑے تھے۔