03 نومبر ، 2021
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کا میچ افغانستان اور بھارت کے درمیان آج ابوظبی میں کھیلا گیا۔
بھارت کو اپنے گزشتہ دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے بھارت کو اپنے 3 میچز بڑے مارجن سے جیتنے بھی ہوں گے جبکہ دوسری ٹیم کی ہار پر بھی نظر رکھنی ہوگی۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بھارتی اوپنرز نے جب بولرز کی پٹائی شروع کی تو ٹوئٹر پر ٹرینڈ چل گیا کہ بھارت اور افغانستان کے درمیان میچ فکسڈ ہے۔
صارفین فکسڈ میچ کےحوالے سے ٹوئٹ بھی کر رہے ہیں۔ ان ہی ٹوئٹس میں ایک ویڈیو بھی گردش کررہی ہے جس میں یہ آواز سنی جاسکتی ہے کہ ’You will Bowl First‘۔
میچ میں ٹاس جیتنے کے بعد افغان کپتان محمد نبی نے پہلے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کیا اور سوشل میڈیا پر صارفین اس ویڈیو کو بنیاد بناکر یہ الزام عائد کررہے ہیں کہ افغانستان اور بھارت کا میچ فکس تھا اور اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔
اس ویڈیو کے اصلی ہونے کے حوالے سے فی الحال کوئی بات نہیں کی جاسکتی، ممکن ہے کہ ایڈیٹنگ کے ذریعے اس میں آواز ڈالی گئی ہو تاہم سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو کافی وائرل ہے۔
اس حوالے سے کافی میمز بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔