Time 07 نومبر ، 2021
پاکستان

’ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد عمران خان استعفیٰ دیکر قانون کا سامنا کریں‘

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد عمران خان استعفیٰ دیکر قانون کا سامنا کریں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کے سرمائے کی طرح لوگوں کے ووٹ اور اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار بھی لوٹنے اور چھیننے کی کوشش ہو رہی ہے۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ووٹ چوری ثابت ہو چکی، عمران نیازی بتائیں اب کس چیز کا انتظار ہے؟ عمران نیازی صاحب طاقتور ہیں، لائیں خود کو قانون کے نیچے؟

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی طرح وزیراعظم ہو کر قانون کا سامنا کرنے اور پیشیاں بھگتنے کے لیے بڑا دل گردہ چاہیے، عمران نیازی کو قانون، جمہوریت اور سیاسی اخلاقیات کا ذرا بھی احترام ہے تو اس رپورٹ کے آنے کے بعد استعفیٰ دیں اور قانون کا سامنا کریں۔

قائد حزب اختلاف نے یہ بھی کہا کہ ڈسکہ میں ووٹ چوری پکڑے جانے پر عمران نیازی کو سیاہ انتخابی اصلاحات اور الیکڑانک ووٹنگ مشین کی ضرورت پڑی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل الیکشن کمیشن نے ڈسکہ الیکشن کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ این اے 75 میں بڑے پیمانے پر بدانتظامی کی گئی، منصوبہ بندی میں فردوس عاشق اعوان بھی شامل تھیں۔

دوسری جانب فردوس عاشق اعوان نے الیکشن کمیشن کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا نام الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں رنگ بھرنے کے لیے ڈالا گیا۔

مزید خبریں :