Time 07 نومبر ، 2021
پاکستان

وفاقی کابینہ نے ٹی ایل پی سے پابندی ہٹانے کی منظوری دیدی، نوٹیفکیشن جاری

وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی جس کے بعد وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹی ایل پی کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تنظیم نے آئین پاکستان اور پاکستانی قوانین کی پاسداری کی یقین دہانی کرائی جبکہ پنجاب کابینہ نے تحریک لبیک پر سے پابندی ہٹانے کی سفارش کی تھی۔

قبل ازیں وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے پابندی ہٹانے کی منظوری دی۔

واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو 15 اپریل 2021 کو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے وفاقی کا بینہ کو کالعدم تنظیم سے پابندی ہٹانے کی سمری بھیجی تھی  جس میں کہا گیا تھا کہ تنظیم نے آئندہ پُرتشدد نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

سمری کے مطابق ٹی ایل پی مستقبل میں آئین پاکستان اور ملک کے قوانین کا احترام کرے گی۔

سمری میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے تنظیم سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ تنظیم کی یقین دہانی اور وسیع قومی مفاد میں کیا ہے۔

مزید خبریں :