Time 17 دسمبر ، 2021
پاکستان

گیس کی قلت کیخلاف احتجاج، خواتین نے بل جلادیے

گیس کی قلت کے خلاف پیپلزپارٹی کی اپیل پر ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔

لاہور میں خواتین نے احتجاجاً گیس کے بل جلادیے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد،کراچی اور حیدرآباد میں بھی عوام سڑکوں پر آگئے ، لاڑکانہ، تھرپارکر، ٹھٹھہ، استور اور غذرمیں بھی مظاہرے  کیے گئے۔

پیپلز پارٹی نے گیس کی قلت اور  بندش کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالیں اور دھرنے دیے۔

فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ اور لاڑکانہ میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ لسبیلہ، قلات،کوٹلی آزاد کشمیر، ژوب،گلگت، استور، شمالی وزیرستان میں بھی  پیپلزپارٹی کارکن سڑکوں پر نکل آئے۔

فیصل آباد میں گیس کی قلت اور  بندش کےخلاف پیپلزپارٹی نے ضلع کونسل چوک پر احتجاج کیا، ملتان میں سیداں والا بائی پاس چوک،گوجرانوالہ میں پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ پنجاب کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیےگئے۔

حیدر آباد میں ڈسٹرکٹ کونسل بلڈنگ کے سامنے پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے سینیٹر مولا بخش چانڈیو کی قیادت میں احتجاج کیا۔ سکھر میں پریس کلب کے سامنے جبکہ لاڑکانہ میں نثار کھوڑو کی قیادت میں جناح باغ چوک پر دھرنا دیا گیا۔

نواب شاہ، میرپو ر خاص، ٹھٹھہ، سجاول، گھوٹکی، بدین سمیت سندھ بھر میں پیپلزپارٹی نےمظاہرے کیے۔

کراچی میں بھی لسبیلہ چوک پر سعید غنی کی قیادت میں گیس کی بندش اور مہنگائی کیخلاف احتجاج کیا۔

اس کے علاوہ بلوچستان، خیبرپختونخوا،  گلگت اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی پیپلز  پارٹی کے کارکنوں  نے گیس کی  قلت اور  بندش کے خلاف مظاہرے کیے۔

مزید خبریں :