Time 19 دسمبر ، 2021
پاکستان

کے پی بلدیاتی الیکشن: بکا خیل واقعے پر ریٹرننگ افسر کی رپورٹ جیو نیوز کو موصول

الیکشن کمیشن نے امن و امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر بکا خیل میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے ہیں. فوٹو: اسکرین گریب
الیکشن کمیشن نے امن و امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر بکا خیل میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے ہیں. فوٹو: اسکرین گریب

بنوں کی تحصیل بکاخیل میں پیش آنے والے واقعے پر ریٹرننگ افسر کی رپورٹ جیو نیوز کو موصول ہو گئی ہے۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گورنمنٹ ہائی اسکول نرمی خیل سے فائرنگ کے بعد پولیس افسران کو یرغمال بنایا گیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول راشد چیری نرم خیل میں اسلحے کے زور پر الیکشن مواد چھینا گیا، گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول نور دراز چیری میں بھی بندوق کی نوک پر الیکشن مواد چھینا گیا۔

اس کے علاوہ گورنمنٹ پرائمری اسکول مشرف نرمی خیل میں خواتین پولنگ اسٹاف کو یرغمال بنا کر الیکشن مواد چھینا گیا جبکہ گورنمنٹ ہائی اسکول سورت خان بکاخیل میں پولنگ عملے کو یرغمال بنا کر الیکشن مواد چھینا گیا۔

یاد رہے کہ جے یو آئی ف کے رہنما اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی نے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان پر پولنگ اسٹیشنز پر حملہ کرنے اور عملے کو اغوا کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے امن و امان کی خراب صورت کے پیش نظر بنوں کی تحصیل بکا خیل میں الیکشن ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

کے پی بلدیاتی الیکشن: بکا خیل واقعے پر ریٹرننگ افسر کی رپورٹ جیو نیوز کو موصول


مزید خبریں :