28 دسمبر ، 2021
سابق رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کے برادرنسبتی لفٹ حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
سابق رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کے مطابق طارق اسلم فیکٹری میں سکیورٹی گارڈ کی نوکری کرتا تھا، وہ کل رات سے گھر نہیں آیا تو اس کے بیٹے نے صبح فیکٹری جاکر پوچھا، اُسے بتایا گیا کہ وہ کل چلا گیا تھا، پھر جب فیکٹری انتظامیہ کو پولیس کیس کا کہا گیا تو انتظامیہ نے بتایا کہ وہ مرچکا ہے اور بیسمنٹ میں اس کی لاش موجود ہے۔
سلمان مجاہد نے مزید بتایا کہ انتظامیہ سے جب لاش کی حوالگی کا تقاضا کیا گیا تو لاش حوالے نہیں کی گئی۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آج شام بیت المکرم مسجد کے پاس عمارت کی لفٹ میں بنی خالی جگہ سے چوکیدار کی لاش ملی، چوکیدار طارق اسلم کے ہاتھ میں لفٹ کے دروازے کی چابی بھی تھی۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دروان یہ معلوم ہوا کہ لفٹ لائٹ جانے پر اکثر بند ہوجاتی ہے تواسے چیک کیا جاتاہے اورعمارت میں کوئی جنریٹر بھی موجود نہیں۔
پولیس کو شبہ ہے کہ چوکیدار نے لفٹ چیک کرنے کیلئے دروازہ کھولا تو اس میں گرکر ہلاک ہوگیا، ابتدائی طور پر یہ حادثہ لگتا ہےتاہم پوسٹ مارٹم کیلئے لاش جناح اسپتال بھجوادی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لواحقین جیسا کہیں گے اسی مطابق کارروائی کی جائے گی۔