خیبرپختونخوا میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں فوج تعینات کرنےکا فیصلہ

صوبائی حکومت کی امن وامان قائم رکھنےمیں ناکامی پرفوج تعینات کرنےکافیصلہ کیا، الیکشن کمیشن— فوٹو:فائل
صوبائی حکومت کی امن وامان قائم رکھنےمیں ناکامی پرفوج تعینات کرنےکافیصلہ کیا، الیکشن کمیشن— فوٹو:فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبرپختونخوا میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق فوج پولیس کے ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کی جائے  گی جبکہ خیبرپختونخوا میں ری پولنگ کے دوران بھی فوج تعینات کی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کی امن وامان قائم رکھنےمیں ناکامی پرفوج تعینات کرنےکافیصلہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق فوج کی تعیناتی سے متعلق وزارت دفاع کو مراسلہ بھی تحریرکردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پرتشدد واقعات میں ملوث اور ذمہ داروں کے خلاف ضروری قانونی کارروائی ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پشاورمیں پولنگ اسٹیشنز پر بیلٹ پیپرز پھاڑنے کی ویڈیو دکھائی گئی، بیلٹ باکس توڑنے،پولنگ اسٹاف کوزدوکوب کرنے کی بھی ویڈیو دکھائی گئی جبکہ ویڈیو میں دو سے تین پولیس اہلکارتھےجومحض تماشائی بنےہوئےتھے۔

الیکشن کمیشن نےصوبائی حکومت کےامن وامان قائم رکھنےکی ناکامی کا سخت نوٹس لے لیا اور کہا کہ جوپلان الیکشن کمیشن کودیاگیا اس کے مطابق پولیس تعینات نہیں تھی۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں پہلے مرحلے میں 17 اضلاع میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے۔

مزید خبریں :