دنیا
Time 09 جنوری ، 2022

افغانستان سے امریکی انخلا کے دوران بچھڑنے والا 2 ماہ کا بچہ والدین کو مل گیا

امریکی انخلا کے دوران 2 ماہ کا سہیل والدین سے بچھڑ گیا تھا —فوٹو: رائٹرز
امریکی انخلا کے دوران 2 ماہ کا سہیل والدین سے بچھڑ گیا تھا —فوٹو: رائٹرز

افغانستان سے امریکی انخلا کےدوران اپنے والدین سے بچھڑنے  والا دو ماہ کا بچہ سہیل  بالآخر اپنے خاندان کو مل گیا ۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق گزشتہ سال19 اگست کو امریکی انخلا کے دوران کابل ائیرپورٹ پر افغان شہریوں کے امریکا روانگی میں افرا تفری کی وجہ سے  2 ماہ کے بچے سہیل احمدی کو  اس کے والدین نے امریکی فوجی کے حوالے کیا۔

تاہم جب  سہیل کے والدین افغانستان سے نکلنے کیلئے امریکی پرواز میں داخل ہوئے تو انہیں ان کا بچہ نہیں ملا اورکافی دیر کی تلاش کے بعد والد مرزا علی احمدی، جو امریکی سفارت خانے میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتے تھے، والدہ ثریا اور ان کے چار دیگر بچوں کو پرواز کے ذریعے امریکا بھیج دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق والدین کو مہینوں تک کچھ معلوم نہیں تھا کہ ان کا بیٹا کہاں ہے؟  تاہم نومبر میں انہیں اپنے بیٹےکی تلاش کے بارے میں برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ میں معلوم ہوا کہ سہیل افغانستان میں 29 سالہ حامد صافی نامی ٹیکسی ڈرائیور کے  پاس ہے۔

جب سہیل کے ٹھکانے کی تصدیق ہوئی تو بچے کے دادا محمد قاسم رضاوی، جو شمال مشرقی صوبے بدخشاں میں رہتے ہیں، بچے کو لینے لیے روانہ ہوئے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق صافی نے بتایا کہ انہیں  سہیل کابل ائیرپورٹ پر اکیلا زمین پر روتا ہوا ملا جسے وہ اپنے گھر لے گئے ۔

صافی کے مطابق انہوں نے فیصلہ کیا کہ سہیل کے والدین کی تلاش تک  وہ اسے اپنے بچے کی طرح پالیں گے جبکہ انہوں نے شیر خوار بچے کا نام محمد عابد رکھا اور فیس بک پر ایک ساتھ تمام بچوں کی تصاویر پوسٹ کیں۔

رائٹرز کے مطابق صافی نے بچے کو اس کے دادا کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا —فوٹو: رائٹرز
رائٹرز کے مطابق صافی نے بچے کو اس کے دادا کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا —فوٹو: رائٹرز

تاہم، رائٹرز کے مطابق صافی نے بچے کو  اس کے دادا کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں اور ان کے خاندان کو بھی امریکا منتقل کیا جائے۔

رپورٹس کے مطابق7 ہفتوں کے مذاکرات کے بعد طالبان پولیس نے دونوں خاندانوں کے درمیان معاہدے کروایا اور بچے کو ہفتے کے روز اس کے دادا کے  حوالے کر دیا گیا۔

7 ہفتوں کے مذاکرات کے بعد طالبان پولیس نے دونوں خاندانوں کے درمیان معاہدے کروایا اور بچے کو ہفتے کے روز اس کے دادا کے حوالے کر دیا گیا —فوٹو: رائٹرز
7 ہفتوں کے مذاکرات کے بعد طالبان پولیس نے دونوں خاندانوں کے درمیان معاہدے کروایا اور بچے کو ہفتے کے روز اس کے دادا کے حوالے کر دیا گیا —فوٹو: رائٹرز

تاہم ویڈیو کال کے ذریعے اپنے  بچے کو دیکھ کر والدین خوشی سے نہال ہوگئے اور انہوں نے امیدکی کہ ان کے بچے کو امریکا لانے کے تمام انتظامات جلد مکمل کرلیے جائیں گے۔

مزید خبریں :