10 جنوری ، 2022
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے ، جب بھی کوئی حادثہ ہوتا ہے وزیراعظم اور ان کےعہدیدار متاثرین کو ذمے دار ٹھہراتے ہيں۔
بلاول نے کہا کہ مری واقعے کے وقت وزیراعلیٰ پنجاب تحریک انصاف کی میٹنگ میں مصروف تھے، پوری اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ مری واقعے کی جوڈیشل انکوائری کی جائے۔
خیال رہے کہ اپوزيشن لیڈر شہباز شریف نے بھی کہا ہے کہ وزیراعظم کہتے ہیں مری میں انتظامیہ تیار نہ تھی، اگر انتظامیہ تیار نہ تھی تو آپ کس مرض کی دوا ہیں؟
قومی اسمبلی سے اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ یہ اپنے وقت کے نیرو ہیں، عوام مر رہے ہیں اور یہ چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔
ن لیگ کے صدر نے سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کیا اور سوال اٹھایا کہ سانحہ مری قدرتی طور پر حادثہ تھا یا قتل یہ پتہ لگایا جائے۔
شہباز شریف کے ردعمل میں خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ‘آج کے دور کا پابلو ایسکو بار بتارہا ہےکہ نیرو سو رہا تھا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ30 ، 30 سال حکومت کرنے والے آج پوچھ رہے ہیں کہ انتظامات کیوں نہیں کیے؟ یہاں تو آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا تھا، ہر چیز نئے سرے سے بنانی پڑ رہی ہے۔