Time 22 جنوری ، 2022
پاکستان

صدر موبائل مارکیٹ ڈکیتی میں کمپنی کا ملازم ہی ملوث نکلا

ملزمان کے مفرور ساتھیوں اور مزید گاڑیوں کی برآمدگی کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں،فوٹو: جیو نیوز
 ملزمان کے مفرور ساتھیوں اور مزید گاڑیوں کی برآمدگی کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں،فوٹو: جیو نیوز

کراچی میں صدر کی موبائل مارکیٹ کی پہلی منزل پر واقع نجی موبائل کمپنی کے دفتر میں ڈکیتی کی بڑی واردات میں ادارے کا ملازم بھی ملوث نکلا جسے اس کے دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔

گرفتار 3 ملزمان کے قبضے سے ایک مسروقہ کار، ڈکیتی کے دوران لوٹی گئی رقم ساڑھے چھ لاکھ روپے، ڈکیتی کی رقم سے خریدی گئی ایک نئی ہنڈا 125 موٹر سائیکل اور ایک نیا آئی فون برآمد کرلیا گیا۔

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس بشیر بروہی کے مطابق 10 جنوری کو عبداللہ ہارون روڈ ریگل مینشن میں واقع ویگو ٹیل موبائل کمپنی کے سیلز سینٹر میں 4 مسلح ملزمان نے واردات کی تھی۔

ملزمان اسلحہ کے زور پر 46 لاکھ روپے سے زائد رقم اور بینکوں کے چیکس اور موبائل فونز لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے پولیس کے ساتھ ساتھ اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے بھی تلاش شروع کر دی تھی، جن میں سے تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

بشیر بروہی کے مطابق گرفتار ملزم اسد اِسی کمپنی کا ملازم ہے جس نے کمپنی میں آتے جاتے لاکھوں روپےکی ٹرانزیکشن دیکھ کر کمپنی میں ڈکیتی کا پلان بنایا اور ساتھی ملزمان کے ساتھ مل کر ڈکیتی کی واردات انجام دی۔

ایک ساتھی ملزم معراج عادی مجرم ہے اور اس سے پہلے قتل، اغوا اور ڈکیتی کی وارداتوں میں جیل جا چکا ہے، دوسرا ملزم شاہ زیب بھی موبائل مارکیٹ میں ہی کام کرتا ہے اور اس سے پہلے بھی کمپنی سے پرائز بانڈ چوری کر نے کی وجہ سے گرفتار ہوچکا ہے۔

ایس ایس پی بشیربروہی کے مطابق ملزمان کے مفرور ساتھیوں اور مزید گاڑیوں کی برآمدگی کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :