01 فروری ، 2022
کورٹ پولیس کی حراست سے فرار ہونے والے دعا منگی اغوا برائے تاوان کیس کےملزم کی گرفتاری کے لیے کراچی پولیس کی جانب سے بڑے اقدامات سامنے آئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم زوہیب علی قریشی کا ملک سے فرار روکنےکے لیے پولیس کی جانب سے لکھے گئے خط کے بعد امیگریشن حکام نے ملک کے تمام ائیرپورٹس پر ملزم کی سفری دستاویزات فراہم کرکےگھیرا تنگ کردیا ہے۔
کراچی پولیس کی جانب سے ملزم زوہیب علی کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کے لیے بھی نادرا کو خط لکھ دیا گیا ہے جب کہ ایسے ہی ایک اور خط پر وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے ملزم زوہیب علی قریشی کا پاسپورٹ بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کراچی میں طارق روڈ سے فرار ہونے والے ملزم زوہیب قریشی کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو درخواست کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی غیر معمولی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔