28 جنوری ، 2022
کراچی پولیس دعا منگی کیس کے مرکزی ملزم کی حفاظت نہ کرسکی، ماسٹر مائنڈز میں سے ایک مرکزی ملزم ذوہیب قریشی کورٹ پولیس کی حراست سے فرار ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق جیل سے کورٹ لے جائے جانے کے دوران یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہلکار ذوہیب قریشی کو شاپنگ کرانے لے گئے اور کورٹ پولیس اہلکاروں نے جان بوجھ کر کسی کو اطلاع نہ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل پہنچنے پر جب قیدیوں کی گنتی ہوئی تو عقدہ کھلا کہ ذوہیب قریشی فرار ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق دو پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے کر فیروزآباد تھانے میں مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ دعا منگی کو 30 نومبر 2019 کو ڈیفینس سے اغوا کیا گیا تھا اور اس کی رہائی 20 سے 25 لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی کے بعد عمل میں آئی تھی۔
اس ہائی پروفائل کیس کے ملزمان کو کراچی پولیس کی خصوصی ٹیم نے 18 مارچ کو گرفتار کیا تھا، تفتیش میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ انھی ملزمان نے ڈیفنس سے تاوان کے لیے بسمہ سلیم نامی لڑکی کو بھی اغوا کیا تھا اور اسکو بھی تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کیا تھا۔
یاد رہے کہ دونوں مقدمات انسداد دہشتگردی کی عدالت میں زیر سماعت ہیں۔