03 فروری ، 2022
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) میں شامل ٹیم ملتان سلطانز کے اوپنر شان مسعود کہتے ہیں کہ محمد رضوان ورلڈ کلاس بیٹر ہیں ،ان کے ساتھ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے کوئی دباؤ نہیں رہتا۔
ٹیسٹ اوپنر شان مسعود پاکستان سپر لیگ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کے لیے کھیل رہے ہیں،ماضی میں اس فرنچائز کی قیادت کر نے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر کہتے ہیں کہ وکٹ کیپر کپتان محمد رضوان کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنا ایک انتہائی اچھا احساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد رضوان ورلڈ کلاس بیٹر ہیں اور ان کے ساتھ اننگز کا آغاز کر نے کا مطلب یہ ہے کہ آپ پر کوئی دباؤ نہیں رہتا۔
جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں میزبان سید یحییٰ حسینی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود بولے کہ محمد رضوان اور ان کا ساتھ بہت پرانا ہے، پاکستان اے کے ساتھ دونوں نے کئی میچ ایک ساتھ کھیلے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ ملتان سلطانز کے لیے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے دونوں کو اس بات کا اندازہ اور احساس رہتا ہے کہ ہر روز آپ رنز نہیں کرسکتے،ہر دن آپ کا نہیں ہوتا لہٰذا اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے دونوں صورت حال کے مطابق کھیلتے ہیں اور ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کرا چی میں پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کے تیسرے میچ میں لاہور قلندرز کے207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شان مسعود اور محمد رضوان نے ملتان سلطزنز کو پہلی وکٹ پر 14.2 اوورز میں 150 رنز کا آغاز فراہم کیا تھا اور ٹیم کو 5 وکٹ کی جیت دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
شان مسعود نے اس میچ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ رضوان اور میں نے اننگز شروع کرتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا تھا کہ لاہور قلندرز کی بولنگ لائن اپ بہت مضبوط ہے،بلخصوص کپتان شاہین شاہ آفریدی بہترین بولر ہیں،انھیں ابتدا میں وکٹ نہیں دینی۔
اس کے علاوہ شان مسعود اپنی اور محمدرضوان کی وکٹو ں کے درمیان دوڑ نے کی اہلیت اور سنگل ڈبل مس نہ کر نے کے سوال پر کہتے ہیں کہ ٹی 20 کرکٹ میں یہ بہت ضروری اور اہم ہوتا ہے کہ آپ بولرز کو وکٹ نا دیں اور اسکور بورڈ چلاتے رہیں۔
شان مسعود نے مزید کہا کہ 6 دن میں ملتان سلطانز نے چار میچ کھیلے ہیں اور محمدرضوان نے انھیں بہت دوڑایا ہے لہٰذا اب ان کے لیے فزیو کے پاس جانا بے حد ضروری ہوگیا ہے ۔