Time 14 فروری ، 2022
پاکستان

سکیورٹی فورسز کا پسنی اور خصدار میں آپریشن، دہشتگرد کمانڈر ہلاک، 2 گرفتار

سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے پسنی میں آپریشن کرکے دہشت گرد کمانڈر ہدایت عرف بالاچ  کو ہلاک کردیا جبکہ خضدار میں ایک اور آپریشن میں دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر )کے مطابق12 اور 13 فروری کی درمیانی شب  سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے پسنی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آ پریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ شروع کیا تو دہشت گردوں نے فرار کی کوشش میں اندھا دھند فائرنگ کر دی، سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں دہشت گرد کمانڈر ہدایت عرف  بالاچ مارا گیا جو گوادر اور پسنی میں سکیورٹی فورسز پر فائرنگ اور دیسی ساختہ بم حملوں میں ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خضدار میں بھی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس میں دو دہشت گرد نیاز اور محمد جان کو گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 2 ایس ایم جیز اور بڑی مقدار میں گولہ و بارود قبضے میں لیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے مرتکب افراد کے خاتمے کیلئے آپریشنز جاری رہیں گے، دہشت گردوں کو بلوچستان میں امن و استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید خبریں :